Welcome To Qalm-e-Sindh

اسرائیلی حملوں میں مزید 57 فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کر گئی

اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر جاری مسلسل بمباری اور زمینی کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 57 فلسطینی شہید ہو گئے، جب کہ 363 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس ایک دن میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 120 تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹس کے مطابق قابض فوج نے رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنایا۔ امدادی کارکنوں نے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے سے کئی لاشیں نکالی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ کچھ مقامات پر لواحقین اپنے پیاروں کی لاشوں سے لپٹ کر بین کرتے دکھائی دیے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک 4,800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 55,104 فلسطینی شہید اور 1,27,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ان حملوں میں کئی بار امدادی قافلوں اور خیمہ بستیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں شہدا کی تعداد 224 سے تجاوز کر گئی ہے۔بین الاقوامی برادری کی خاموشی اور اقوام متحدہ کی بے بسی نے اس انسانی المیے کو مزید گہرا کر دیا ہے، جب کہ غزہ میں اسپتالوں، پانی، بجلی اور خوراک کی شدید قلت جاری ہے۔

Related Posts