فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کرتارپور سمیت پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ مذہبی مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کرنے کا اعلان کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے سیالکوٹ سیکٹر، شکر گڑھ، نارووال اور کرتارپور کا جائزہ لیا اور ریسکیو و ریلیف اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہیں موجودہ سیلابی صورتحال اور آئندہ ممکنہ بارشوں کے حوالے سے تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
آرمی چیف نے متاثرہ سکھ کمیونٹی سے ملاقات کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، اور دربار صاحب کرتارپور کو اس عمل میں خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ زائرین کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔ فیلڈ مارشل نے امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجی جوانوں اور سول انتظامیہ کی مربوط کاوشوں کو سراہا، اور امدادی سرگرمیوں میں جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاری، حوصلے اور قوم کے لیے خدمت کے جذبے کی تعریف کی۔














